نیپا واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، ذمہ دار جماعت اسلامی کو کہوں تو لوگ ناراض ہونگے، میئر کراچی

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا اس ماں اور والد کی تڑپ کا احساس ہے اور اہلخانہ سے افسوس کا اظہار بھی کرتا ہوں، اہلخانہ کی ہر ممکن مدد کریں گے، کل رات کو اس ایشو پر سیاست کرنے کی کوشش کی گئی جو بڑی بدقسمت چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ 500 میٹر کے حصے کو کھود چکے ہیں، بچے کی تلاش کا کام جاری ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی نکلوا رہا ہوں کہ معاملہ کیا ہوا ہے، ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے کہ کس نے مشینری منع کی، اگر ایسا ہے تو قانونی کارروائی کریں گے، اگر عملے کی کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کو سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی، تنقید کرنے والے لوگ اس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کریں گے، واٹر کارپوریشن کو کوئی شکایات نہیں ملی تھی۔

ان کا کہنا تھا میں متاثرہ خاندان اور والدین کے ساتھ کھڑا ہوں، میں حکومت کا حصہ ہوں، اس طرح کی اشتعال انگیز گفتگو کی وجہ سے معاملات حل نہیں ہو پاتے، برساتی نالے پر ٹاؤن اور کے ایم سی دونوں کام کرتے ہیں، معاملے کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا اس علاقے کا ٹاؤن چیئرمین جماعت اسلامی کا ہے، اگر میں کہوں کہ ذمہ داری جماعت اسلامی کی ہے تو لوگ ناراض ہوں گے، منافقت کو ایکسپوز کرنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »